بھٹکل یکم فروری (ایس او نیوز) کوویڈ کے معاملات بھٹکل میں نہ کے برابر ہیں، جس کو دیکھتے ہوئے لوگوں کے چہروں سے ماسک بھی غائب ہورہے ہیں، مگر ریاست کے بعض علاقوں میں ابھی بھی کورونا پوزیٹیو کے معاملات سامنے آرہے ہیں اور اس وباء پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا ہے۔ کوویڈ کو ہلکے میں نہ لینے اور اس وباء کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے حکومت نے سخت اقدامات اُٹھاتے ہوئے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا ہے ۔ اس ضمن میں آج پیر کو بھٹکل اولڈ بس اسٹائنڈ کے قریب میونسپل حکام نے ماسک نہ پہننے والوں کو پکڑ پکڑ کر جرمانہ عائد کرنا شروع کردیا ہے اس دوران کئی ایک لوگوں کو ماسک نہ پہننے پر اُسی وقت اُن کا کویڈ ٹیسٹ لے کر رپورٹ آنے تک کورنٹائن میں رہنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
بھٹکل میونسپالٹی کے چیف آفسر دیوراج نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے ماسک نہ پہننے والوں پر سخت کاروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس پر عمل کرتے ہوئے میونسپالٹی اور جالی پٹن پنچایت کے ذریعے مشترکہ کاروائی شروع کی گئی ہے اور ماسک نہ پہننے والوں پر کاروائی کی جارہی ہے۔
ماسک نہ پہننے والوں پر کاروائی کرنے کے موقع پر میونسپالٹی چیف آفسر سمیت جالی پٹن پنچایت چیف آفسر اجے بھندارکر ، تعلقہ میڈیکل چیف ڈاکٹر مورتی راج بھٹ، بھٹکل میڈیکل آفسر ڈاکٹر سویتا کامتھ، میونسپل ہیلتھ انسپکٹر سوجیا سومن و دیگر کارکنان موجود تھے۔ جبکہ پولس کے اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ماسک پہنے بغیر جانے والی سواریوں کو روکنے کا سلسلہ صبح سے دوپہر تک جاری تھا اور میونسپالٹی کے باہر ٹیبل لگا کر ہیلتھ ورکرس ماسک کے بغیر جانے والوں کے سویب لے کر جانچ کے لئے روانہ کررہے تھے۔